English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا اور ایران کے درمیان پس پردہ رابطے جاری، ثالث ممالک کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ

القمر

واشنگٹن: ایک امریکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات ختم ہونے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ رابطے اب بھی جاری ہیں اور مختلف ثالث ممالک کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ کیا جارہا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر، قطر اور برطانیہ اس عمل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں، یہ رابطے کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں، اب تک کسی باضابطہ پیش رفت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

ویب سائٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کے سامنے چند اہم شرائط رکھی گئی ہیں، جن میں یورینیم افزودگی کے عمل کو مکمل طور پر ختم کرنا اور کم از کم پانچ سال کے لیے میزائل پروگرام کو روکنا شامل ہے،ان اقدامات کے بغیر خطے میں استحکام ممکن نہیں اور عالمی برادری کے تحفظات بھی دور نہیں ہو سکتے۔

دوسری جانب ایران نے ان مطالبات کے بدلے جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا ہرجانہ طلب کیا ہے،حالیہ کشیدگی اور ممکنہ فوجی کارروائیوں کے باعث ملک کو بڑے پیمانے پر معاشی اور بنیادی ڈھانچے کا نقصان پہنچا ہے، جس کا ازالہ ضروری ہے۔

ایک امریکی عہدے دار کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکا ایران کے منجمد اثاثے واپس کر دے تو ایران کے ہرجانے کے مطالبے کو کسی حد تک پورا کیا جا سکتا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے