اسلام آباد: پاکستانی قوم آج 86 واں یومِ پاکستان روایتی ملی جوش و جذبے اور تجدیدِ عہد کے ساتھ منا رہی ہے۔
آج اس اہم اور پروقار دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہے جبکہ سرکاری و نجی سطح پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
یومِ پاکستان کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ فضا اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتِ حال کے پیشِ نظر حکومت نے اس سال یومِ پاکستان انتہائی سادگی اور کفایت شعاری سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی پالیسی کے تحت مرکزی فوجی پریڈ کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور پرچم کشائی کی تقریبات کو انتہائی محدود رکھا گیا ہے۔
لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے مزار کی سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھال لی۔ مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل محمد شاہد افضل نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کے بعد مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کے بعد گورنر اور وزیراعلیٰ نے حاضری دی اور سلامی پیش کی۔
آج کا دن ہمیں قیامِ پاکستان کے مقاصد اور ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے دی تھیں۔ یہ دن ہر پاکستانی کو اتحاد، نظم و ضبط اور ترقی کی راہ پر گامزن رہنے کا پیغام دیتا ہے تاکہ ملک مستحکم رہے۔
