بلوچستان میں گزشتہ روز ہونے والی بارشوں کے بعد مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی آئندہ دنوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اپنی ابتدائی رپورٹ جاری کرتے ہوئے صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے نتیجے میں بلوچستان میں مجموعی طور پر 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے، جعفرآباد میں ایک بچہ ندی میں گرنے کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ کوہلو میں چھت گرنے کے ایک واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ اسی طرح کیچ کے علاقے میں دو افراد پانی کے ریلے میں بہہ گئے، جس کے باعث انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں سے صوبے کے متعدد اضلاع بشمول کیچ، ہرنائی، کوہلو، جعفرآباد، قلعہ عبداللہ اور پشین میں نہ صرف جانی نقصان ہوا بلکہ انفراسٹرکچر اور گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ موسمی اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش ضلع پسنی میں 36 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ بارکھان میں 25 ملی میٹر، کوئٹہ سریاب میں 14 ملی میٹر اور کوئٹہ سٹی میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر حصوں کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان موجود ہے، جس سے موسم میں مزید تبدیلی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے جبکہ دادو، جیکب آباد، قمبر شہدادکوٹ اور لاڑکانہ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے، تاہم شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ممکنہ بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
