English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چینی سفیر کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

القمر

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وفد کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اپنی اسلام آباد رہائش گاہ پر چینی سفیر کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے وفود کے ہمراہ شرکت کی۔

ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، امن و امان، پاک چین تعلقات اور ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران پر حملے عالمی قوانین اور اس کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں۔

جیانگ زیڈونگ اور مولانا فضل الرحمان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل پرامن ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر فوری جنگ بندی نہ ہوئی تو اس کے اثرات نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ یورپ اور پوری دنیا کی معیشت پر پڑیں گے۔

ملاقات میں سی پیک اور امن و امان کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی، جس میں دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہم آہنگی خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک مل کر خطے کی تقدیر بدل سکتے ہیں، جبکہ مولانا فضل الرحمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سے خطے میں استحکام آئے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے