English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

معاشی بچت، جنگ بندی کی کوششیں اور عوام کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

القمر

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں معاشی بچت، جنگ بندی کی کوششیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس میں خطے کی صورتحال اور ملک میں جاری کفایت شعاری مہم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بلاول  زرداری، عاصم منیر، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی کابینہ کے ارکان اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے رضاکارانہ طور پر دو ماہ کی تنخواہ چھوڑ دی ہے جبکہ تیل کے استعمال میں پچاس فیصد کمی اور سرکاری گاڑیوں کا ساٹھ فیصد حصہ بند کر دیا گیا ہے تاکہ ایندھن کی بچت یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے اس اقدام پر صدر مملکت اور صوبوں کے تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں جنگ کو دوسرا مہینہ شروع ہو چکا ہے اور پاکستان نے جنگ کے شعلے ٹھنڈے کرنے کے لیے فعال کردار ادا کیا ہے، اسحاق ڈار اور عاصم منیر اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں اور معیشت کو چیلنجز درپیش ہیں جبکہ اس دوران ہونے والی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا، اتحاد کے بغیر ایسے بڑے چیلنجز کا مقابلہ ممکن نہیں، اس لیے تمام سیاسی و حکومتی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ وفاق اور صوبے ایسے منصوبے روک دیں جو فوری ضروری نہیں، تاکہ بچت کر کے عام آدمی کو سہولت فراہم کی جا سکے،سیاسی استحکام سے ہی معاشی اِستحکام ممکن ہے، کمزور اور مفلوک الحال طبقات پر خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ زرعی شعبے کو سہولیات فراہم کی جائیں گی کیونکہ فصلوں کا سیزن شروع ہو چکا ہے،موجودہ حالات میں فنڈز اکٹھے کرنے اور کفایت شعاری کو جاری رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی کے لیے ایرانی حکام سے رابطے کیے گئے اور کوششوں کے نتیجے میں پاکستانی پرچم بردار بیس بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزارا گیا، مشکل حالات میں وفاق اور صوبے مل کر اقدامات کریں گے، وسائل کی بچت کر کے غریب عوام کے تحفظ پر خرچ کیا جائے گا اور ملک کو درپیش چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے