English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا۔ایران جنگ بندی: خلیجی و عالمی ممالک کی پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھرپور خراجِ تحسین

القمر

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد خلیجی اور عالمی ممالک نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی کوششوں سے خطے میں پائیدار امن اور مستقل جنگ بندی کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔ ترجمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔

متحدہ عرب امارات کے صدارتی مشیر انور قرقاش نے بھی جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ امارات ایک ایسے تنازع سے محفوظ رہا جس سے بچنا مقصود تھا اور اپنی خودمختاری اور وقار کا کامیابی سے دفاع کیا گیا، پیچیدہ علاقائی صورتحال میں امارات مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے، جبکہ پاکستان کی ثالثی کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔

برطانیہ کی سیکریٹری خارجہ یوویٹ کوپر نے جنگ بندی اور مجوزہ مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان سمیت دیگر کردار ادا کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا، یہ پیش رفت خطے میں سیکیورٹی، استحکام اور عالمی تجارت کی بحالی کی جانب اہم قدم ہے، آبنائے ہرمز کو کھولنا، بین الاقوامی جہاز رانی کی بحالی اور توانائی کی ترسیل کو معمول پر لانا عالمی ترجیحات میں شامل ہے۔

یوویٹ کوپر نے مزید کہا کہ برطانیہ عالمی سطح پر شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ کشیدگی کا خاتمہ کیا جا سکے اور شپنگ، انشورنس اور توانائی کے شعبوں میں اعتماد بحال ہو۔

چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھی جنگ بندی کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہر ممکن کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین آئندہ بھی مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ تنازع نے خطے کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا تھا، یہ پیش رفت امید افزا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو دوست اور برادر ملک قرار دیتے ہوئے اس کی سفارتی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

قطر کی وزارتِ خارجہ نے بھی اپنے بیان میں جنگ بندی کو کشیدگی میں کمی کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہاکہ  امن کے قیام کے لیے اس پیش رفت کو فوری طور پر آگے بڑھانا ضروری ہے۔ انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ثالثی کے باعث جنگ بندی ممکن ہوئی۔

عالمی و علاقائی رہنماؤں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے جبکہ جنگ بندی کو خطے میں امن، استحکام اور معاشی بحالی کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے