اسلام آباد:خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی اور ثالثی کوششوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امن کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں اب تک ہونے والی کمی کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس موقع پر خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا جامع جائزہ لیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں تمام فریقین کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ کشیدگی مزید نہ بڑھے۔
شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر نے جنگ بندی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور تمام فریقین کی جانب سے حالیہ دنوں میں دکھائے گئے تحمل کو سراہاتے ہوئے کہا کہ خطے میں دیرپا امن کے لیے ضروری ہے کہ اختلافات کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے۔
ملاقات کے دوران اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستان فریقین کے درمیان پرامن اور باہمی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ وزیراعظم نے امن عمل میں شامل تمام فریقین کے عزم کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات کے ذریعے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔
مزید برآں دونوں رہنماؤں نے پاکستان آنے والے وفود کو دی گئی دعوت کی تجدید کی اور انہیں ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی تاکہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جا سکے اور خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
