English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لبنان میں اسرائیلی بمباری سے رہائشی علاقے ملبے کا ڈھیر، حزب اللہ کی بھرپور جوابی کارروائیاں جاری

القمر

جنوبی لبنان اور شمالی اسرائیل کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی نے شدت اختیار کرلی ہے، جہاں فضائی اور زمینی محاذوں پر حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ تازہ پیش رفت میں اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں کو نشنہ بنایا، جس کے بعد سرحد پار سے راکٹ حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، صورتحال نے پورے خطے کو ایک بار پھر غیر یقینی کیفیت سے دوچار کر دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے شہر المجادلہ پر بمباری کی، جو ٹائر ڈسٹرکٹ میں واقع ایک اہم علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ اس حملے کے ساتھ ہی دیگر مقامات بھی زد میں آئے، جہاں فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے حنین میں بھی شدید بمباری کی، جس کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ ان حملوں کے بعد مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ امدادی سرگرمیوں کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ان حملوں کے ردعمل میں جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل کی جانب راکٹ فائر کیے گئے، جن کا رخ بالخصوص گلیلی کے علاقوں کی طرف تھا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان کی جانب سے تقریباً 60 راکٹ داغے گئے، جس کے باعث شمالی گلیلی میں خطرے کے سائرن بج اٹھے اور شہریوں کو پناہ گاہوں کی طرف منتقل ہونا پڑا۔

رپورٹس کے مطابق رات گئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ اسرائیلی شہروں اشدود اور حیفا کی سمت بھی داغے گئے، جس کے بعد سیکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی اور حساس تنصیبات کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے اس نوعیت کے حملوں کی صلاحیت برقرار رہنا ان کے لیے ایک سنجیدہ اور مسلسل خطرے کی علامت ہے، جس کے باعث خطے میں کسی بھی بڑے تصادم کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے