اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم دستور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 1973 کا آئین پاکستان کی وفاقی وحدت، قومی اتحاد اور جمہوری تسلسل کی روشن علامت ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قوم نے اتفاقِ رائے سے ایک ایسا دستاویز مرتب کیا جو آج بھی ریاست کی بنیاد اور رہنما اصول فراہم کرتا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی منظوری کے دن کو قومی جذبے اور احترام کے ساتھ منا رہے ہیں۔ انہوں نے آئین کے معماروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں نے مشکل حالات کے باوجود ایک متفقہ آئینی ڈھانچہ تشکیل دیا جو آج بھی ملک کی رہنمائی کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئین دراصل ریاست اور عوام کے درمیان ایک مقدس معاہدہ ہے جو نہ صرف حقوق و فرائض کا تعین کرتا ہے بلکہ ایک منصفانہ اور منظم معاشرے کی بنیاد بھی فراہم کرتا ہے، 10 اپریل 1973 کو منظور ہونے والا یہ آئین پاکستان کے پارلیمانی جمہوری نظام کی مضبوط بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 1973 کا آئین تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے اور یہ وفاق پاکستان کی مضبوطی کی علامت ہے، ملک کی تمام اکائیاں قومی یکجہتی اور معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور ایک روشن مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستان کے بارے میں اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جو مقام عطا کیا ہے اس پر پوری قوم کو فخر ہے اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر مسلسل آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان اقوامِ عالم میں اپنا وقار مزید بلند کرے گا اور ترقی کا سفر اسی جذبے، اتحاد اور آئین کی پاسداری کے ساتھ جاری رہے گا۔
