English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران سے اہم مذاکرات: امریکی نائب صدر وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے

القمر

اسلام آباد: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ جامع جنگ بندی مذاکرات کو یقینی بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

جے ڈی وینس کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر بھی اسلام آباد پہنچے ہیں۔  اس اہم دورے کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنا اور سفارتی سطح پر نئے روابط قائم کرنا ہے۔

پاکستانی حکام نے امریکی مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔

نائب صدر جے ڈی وینس کا خصوصی طیارہ میری لینڈ سے روانہ ہوا اور پیرس میں ڈھائی گھنٹے کے مختصر قیام کے بعد اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا۔ سکیورٹی اور حکمت عملی کے تحت طیارے نے مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود کے بجائے متبادل اور طویل راستہ اختیار کیا ہے۔

امریکی وفد کا طیارہ جارجیا، آذربائیجان، ترکمانستان اور تاجکستان کے راستے پاکستان پہنچا ہے۔ چترال کے قریب پاکستانی حدود میں داخل ہونے پر فضائیہ کے طیاروں نے امریکی مہمانوں کے طیارے کا استقبال کیا اور اسے نور خان ایئر بیس تک پہنچانے میں سکیورٹی کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہے۔

صبح 10 بج کر 33 منٹ پر امریکی نائب صدر کا طیارہ نور خان ایئر بیس پر باحفاظت اترا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی روابط میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے ۔ اس میں ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے جامع مذاکرات کا ایجنڈا سرفہرست ہے۔

امریکی وفد کی پاکستان آمد کو خطے میں امن کے قیام کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں قیام امن کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہیں اور اس دورے سے امید کی جا رہی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم ہوگی۔

توقع ہے کہ اپنے قیام کے دوران امریکی وفد اہم پاکستانی شخصیات کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کرے گا۔

پاکستان کی جانب سے اس دورے کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے اور اسلام آباد میں امریکی وفد کی سکیورٹی کے لیے بھی سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے