پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
یہ اتفاق وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی وزیر خزانہ کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں طے پایا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی معاشی اور مالی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی تعاون نے پاکستان کے معاشی استحکام میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق معاشی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے، جبکہ سعودی وفد نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک سعودی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی رہے گی۔
