English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 12 سے 17 اپریل تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی

القمر

ملک کے بالائی علاقوں سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں 12 سے 17 اپریل کے دوران بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں موسم کے گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جہاں بعض مقامات پر درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہو سکتا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق مذکورہ عرصے میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور دیگر شمالی و بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اسی دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے، جس سے موسم مزید سرد اور دشوار ہو سکتا ہے۔

ادارے کی پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں اس دوران شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت معمول سے زائد سطح تک پہنچ سکتا ہے، جس سے شہریوں کو اضافی احتیاط اختیار کرنے کی ضرورت ہوگی۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر خبردار کیا ہے کہ بارشوں اور تیز ہواؤں کے دوران آسمانی بجلی گرنے، ژالہ باری اور درختوں کے گرنے جیسے واقعات پیش آ سکتے ہیں، جس سے نہ صرف بجلی کے نظام کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے بلکہ مواصلاتی لائنیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سڑکوں پر پھسلن کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔ اسی تناظر میں متعلقہ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات پیشگی مکمل رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے