اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات جامع اور تعمیری رہے، اور امید ہے کہ دونوں ممالک بات چیت کا عمل اور جنگ بندی برقرار رکھیں گے۔
اسلام آباد میں اہم سفارتی ملاقاتوں کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ دونوں ممالک نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خطے میں فوری جنگ بندی کی اپیل پر مثبت ردعمل دیا، جس پر پاکستان دونوں فریقین کا شکر گزار ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی وفد کی قیادت جے ڈی وینس جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی محمد باقر قالیباف کر رہے تھے اور دونوں ممالک کے وفود مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ عاصم منیر کے ہمراہ پاکستان نے فریقین کے درمیان متعدد ادوار پر مشتمل سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کیا،یہ مذاکرات تقریباً 24 گھنٹے تک جاری رہے اور آج صبح اپنے اختتام کو پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقین نے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا اور اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔ امید ہے ایران اور امریکا مثبت رویہ برقرار رکھیں گے اور خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔
نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ تمام فریقین کے لیے ضروری ہے کہ وہ جنگ بندی کے اپنے عزم پر قائم رہیں، پاکستان ماضی کی طرح آئندہ بھی ایران اور امریکا کے درمیان روابط اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اگرچہ یہ مذاکرات کسی حتمی معاہدے پر منتج نہیں ہوئے، سفارتی پیش رفت نے خطے میں امن کی امید کو زندہ رکھا ہے اور مستقبل میں مزید بات چیت کے امکانات کو تقویت دی ہے۔
