تہران میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران بعض معاملات پر اتفاق کے قریب پہنچ گئے تھے، تاہم دو سے تین اہم نکات کے باعث حتمی معاہدہ طے نہ پا سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مذاکراتی دور گزشتہ ایک سال کے دوران سب سے طویل رہا، جو تقریباً 24 سے 25 گھنٹے جاری رہا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق اگرچہ کچھ امور پر پیش رفت ہوئی، لیکن چند اہم مسائل اور دیگر نکات پر اختلافات برقرار رہے، جس کی وجہ سے ڈیل ممکن نہ ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ سفارت کاری ایک مسلسل عمل ہے جو قومی مفادات کے تحفظ کا ذریعہ بنتا ہے، اور یہ توقع نہیں کرنی چاہیے تھی کہ ایک ہی نشست میں مکمل معاہدہ ہو جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران خطے میں پاکستان اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں رہے گا، اور پاکستان کی حکومت، عوام اور وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
