لندن: امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس کا ماننا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ بدستور ممکن ہے لیکن ایران نے اپنی طاقت کا غلط اندازہ لگایا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارہ (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایران کے ساتھ مذاکرات کو جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر نتیجہ خیز بنائے بغیر واپسی کے بعد نائب صدر جے ڈی وینس سمجھتے ہیں کہ ایران کے ساتھ معاہدے کا امکان بدستور موجود ہے۔
عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مذاکرات کا خلاصہ بتایا کہ امریکی وفد کی سربراہی کرنے والے جے ڈی وینس نے مذاکرات کیے تھے اور ان کا خیال ہے کہ ایران نے مذاکرات میں لین دین کے حوالے سے اپنی طاقت کا غلط اندازہ لگایا ہے۔ امریکا اور ایران وسیع مسائل پر حتمی معاہدے تک نہیں پہنچ پائے ہیں۔
امریکی عہدیدار کے مطابق ان مسائل میں ایران کی یورینیم افزودگی کا خاتمہ، وسیع پیمانے پر امن کا فریم ورک بشمول خطے میں اتحادیوں اور آبنائے ہرمز کی بحالی کے لیے ایک حل شامل ہے، جس میں ٹول فیس کی وصولی شامل نہ ہو۔
