اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ خطے میں جاری سفارتی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں پاکستان کے کردار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کئی دہائیوں بعد دونوں فریقین کو آمنے سامنے بٹھانے میں اہم سفارتی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان مذاکرات کے نتیجے میں خطے میں دیرپا امن قائم ہونے کی راہ ہموار ہوگی۔
وفاقی کابینہ کے اراکین نے ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو بھی خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا، پاکستان نے نہ صرف مذاکرات کی راہ ہموار کی بلکہ فریقین کو اعتماد کے ساتھ ایک میز پر لانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کئی سال بعد اعلیٰ سطح پر براہ راست اور بالواسطہ بات چیت ہوئی، جس میں پاکستان کی درخواست پر دونوں ممالک کے وفود نے شرکت کی، سیز فائر کو برقرار رکھنے میں بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اہم کردار ہے۔
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو اس موقع پر عالمی سطح پر مثبت پذیرائی ملی ہے اور بعض عالمی رہنماؤں نے بھی پاکستان کے کردار کو سراہا ہے،یہ ایک تاریخی موقع ہے جب پاکستان نے جنگ کے خطرات کو کم کر کے امن کی طرف پیش رفت میں کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کی کوششوں کے ساتھ ساتھ عاصم منیرکی خدمات کو بھی سراہاتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات اور ان کی ٹیموں نے دن رات محنت کر کے اہم سفارتی کامیابی میں حصہ ڈالا۔
کابینہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات مثبت نتائج دیں گے اور خطے میں استحکام اور تعاون کا نیا دور شروع ہوگا۔
