ہسپانوی وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے کہا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ جو حکومتیں اسرائیل کی ان خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کر رہی ہیں انہیں دھمکیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے پیدرو سانچیز نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے متعلق تنازع کے خاتمے کے لیے چین ایک کلیدی سفارتی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی امن کے قیام کے لیے بڑی طاقتوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں خاص طور پر اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق سامنے آیا۔ پیدرو سانچیز کے مطابق اسپین اور چین کے درمیان تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے اور توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ زرعی شعبے میں چینی منڈی تک رسائی بڑھانے پر بھی پیش رفت جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان نقل و حمل اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مختلف معاہدوں پر کام کیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دے سکتے ہیں، یورپ اور بالخصوص اسپین کے مفاد میں یہی ہے کہ چین کے ساتھ تعلقات کو مستحکم اور مؤثر بنایا جائے۔
اس سے قبل بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں چینی صدر شی جن پنگ اور ہسپانوی وزیر اعظم نے اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جسے ماہرین خطے میں بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمیوں کا اہم حصہ قرار دے رہے ہیں۔
