English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

غیر قانونی حج: عازمین اور سہولت کاروں پر بھاری جرمانہ اور پابندیاں عائد ہونگی

القمر

ریاض: سعودی عرب نے حج کے انتظامات کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت غیر قانونی طور پر حج کی سہولت فراہم کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات 18 اپریل سے 14 ذوالحجہ تک نافذ العمل رہیں گے۔

حکام کے مطابق بغیر حج پرمٹ کے مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے افراد پر 20 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسے افراد جو وزٹ ویزہ رکھنے والوں کو غیر قانونی طور پر حج کروانے، رہائش دینے یا نقل و حمل کی سہولت فراہم کریں گے، ان پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ جرمانہ ہر اضافی فرد کے حساب سے بڑھایا جائے گا جبکہ غیر قانونی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو بھی ضبط کیا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ بغیر پرمٹ حج کرنے والے غیر ملکیوں کو ملک بدر کر کے 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔

وزارت داخلہ نے یہ بھی واضح کیا کہ سزا یافتہ افراد کو 30 دن کے اندر متعلقہ کمیٹی میں اپیل کا حق حاصل ہوگا جبکہ کمیٹی کے فیصلے کے خلاف 60 دن کے اندر انتظامی عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد حج کے دوران نظم و ضبط کو برقرار رکھنا اور زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

حکام نے اپیل کی ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔ ماہرین کے مطابق سخت قوانین حج کے انتظامات کو بہتر بنانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے