پشاور: مردان میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی شرکت نہ کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، اس صورتحال نے پارٹی کے اندر اختلافات اور مشاورت کے طریقہ کار پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی کو مردان جلسے کے حوالے سے مکمل طور پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، جس پر وہ پارٹی قیادت سے نالاں ہیں، اسی وجہ سے ان کی جلسے میں شرکت کا امکان کمزور ہو گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مردان جلسے کی تاریخ کا انتخاب خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کیا تھا، جبکہ پارٹی کے بانی عمران خان نے جلسے اور احتجاج کی حکمت عملی کا اختیار محمود خان اچکزئی کو دیا تھا، موجودہ صورتحال میں فیصلوں کے طریقہ کار پر اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جلسے میں شرکت کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا تھا، انہوں نے تاحال شرکت پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔ اس خاموشی نے سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت میں شامل صوبائی وزیر مینا خان نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی کی مشاورت سے تمام معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا اور مردان جلسے کے تمام فیصلے پارٹی کے بانی عمران خان کی ہدایات کے مطابق کیے گئے ہیں۔
