اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے باوجود حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے ملک میں کوئی توانائی بحران پیدا نہیں ہوا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت انرجی سکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں متعدد وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور ملک کی توانائی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کی سکیورٹی اب قومی مستقبل کی منصوبہ بندی کا اہم ترین حصہ بن چکی ہے، اور حکومت اس شعبے میں طویل المدتی اقدامات پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ خام تیل کے اسٹریٹجک ذخائر بڑھانے کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے، جبکہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے برقی بسوں اور موٹر سائیکلوں کے استعمال کو ترجیح دی جائے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کا جال تیزی سے پھیلایا جائے اور سولر توانائی کے اضافے کو ذخیرہ کرنے کے لیے بیٹری سسٹمز کو فروغ دیا جائے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم کے وافر ذخائر موجود ہیں، جبکہ خوراک اور توانائی کی صورتحال مجموعی طور پر مستحکم ہے اور گیس و تیل کی مقامی پیداوار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔