ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر اضافی فنانسنگ کا عندیہ

اسلام آباد:پاکستان کے لیے مالیاتی محاذ پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایک ارب ڈالر تک اضافی فنانسنگ فراہم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے جبکہ حکام کے مطابق 80 کروڑ ڈالر کا ایک پیکج بھی منظور کر لیا گیا ہے۔ اس پیکج میں 30 کروڑ ڈالر قرض اور 50 کروڑ ڈالر کی گارنٹی شامل ہے، جس کا مقصد معیشت کو سہارا دینا اور مالیاتی استحکام کو بہتر بنانا ہے۔

بینک کی جانب سے جاری سالانہ رپورٹ 2025 کے مطابق پاکستان میں بنیادی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں پر سرمایہ کاری محدود رہی ہے، جس کی بڑی وجہ مالی دباؤ اور وسائل کی کمی ہے، منظور شدہ پروگرام کا بنیادی ہدف بجٹ خسارے کو کم کرنا اور سرکاری قرضوں کے بوجھ کو قابو میں لانا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سماجی شعبے پر زیادہ سرمایہ کاری، ٹیکس نظام میں بہتری اور محصولات بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ خواتین کی معاشی شرکت بڑھانے کے لیے 35 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں کیونکہ ملک میں خواتین کی مالی شمولیت میں نمایاں خلا موجود ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر بھی روشنی ڈالی ہے اور خبردار کیا ہے کہ خطے میں شدید بارشوں، سیلاب اور گلیشیئر پگھلنے کے خطرات بڑھ رہے ہیں، جن سے پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے،گرین کلائمیٹ فنڈ کے تحت 25 کروڑ ڈالر کی مدد سے پانی اور زرعی نظام کو مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کاپر اور گولڈ مائن منصوبوں کے لیے جدید فنانسنگ پیکیج کی منظوری بھی دی گئی ہے، جو معدنی وسائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دے گا۔ اسی طرح اے ڈی بی نے سال 2025 کے دوران خطے میں مجموعی طور پر 29.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جو ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں