English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکی فوج  کا ایران کیخلاف  مختصر اور طاقتور  حملوں کا منصوبہ تیار

القمر

واشنگٹن: امریکی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے خلاف مختصر اور طاقتور حملوں کا منصوبہ تیار کر لیا ہے جبکہ دوسری جانب ترکیہ نے امریکا ایران جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اس پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی حکام ایران کے ساتھ جاری مذاکراتی تعطل کو ختم کرنے کے لیے محدود فوجی کارروائی کے آپشن پر غور کر رہے ہیں، ممکنہ حملوں میں ایران کے بنیادی ڈھانچے اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے تاکہ تہران پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا کا مقصد ممکنہ کارروائی کے بعد ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانا اور اسے مزید لچک دکھانے پر آمادہ کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے جس میں تہران نے پہلے آبنائے ہرمز کھولنے اور اقتصادی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ جوہری مذاکرات کو بعد کے مرحلے تک مؤخر کرنے کی بات کی گئی تھی۔

ادھر ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے آسٹریا کی وزیر برائے یورپی و بین الاقوامی امور کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ایک مثبت پیش رفت ہے، کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کو اسلام آباد کی سفارتی کوششوں پر مکمل اعتماد ہے اور وہ اس حمایت کو جاری رکھے گا، خطے میں مستقل امن کے قیام کے لیے تمام فریقین کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی ذرائع کو ترجیح دینا ہوگی۔

حاقان فیدان نے یورپی یونین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے کبھی بغیر شرائط یورپی یونین کی رکنیت کا مطالبہ نہیں کیا اور انقرہ اپنے قومی مفادات کے مطابق فیصلے کرتا رہے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے