English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کچے میں بڑا آپریشن کامیاب: ڈاکوؤں اور دہشتگردوں کا خاتمہ کردیا، وزیر اطلاعات

القمر

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کچے کے علاقوں میں بڑے آپریشن کے بعد ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب وہاں امن قائم ہو چکا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 5 سے 6 ماہ قبل کچے کے علاقوں میں بھرپور آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں بیشتر جرائم پیشہ افراد نے خود ہی ہتھیار ڈال دیے۔ اب کئی ماہ سے علاقے میں امن ہے اور ریاست کی رٹ بحال ہو چکی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ماضی میں کچے کے علاقے حکومتی توجہ سے محروم رہے اور وہاں حکمرانوں کی بھی رسائی محدود تھی، موجودہ حکومت نے اس صورتحال کو بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کچے کے علاقوں کیلئے 23 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت سڑکیں، پل، تعلیمی ادارے اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری زمین کاشتکاروں میں مفت تقسیم کی جائے گی تاکہ انہیں روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق تعلیم کے شعبے میں بھی بہتری لانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے تحت اسکولوں کی اپ گریڈیشن اور 300 طلبا کو اسکالرشپس دی جائیں گی۔ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں بھی کچے کے علاقوں کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نادرا کی موبائل ٹیمیں علاقے میں بھیج دی گئی ہیں تاکہ وہ افراد جن کے شناختی کارڈ نہیں بن سکے تھے، ان کی رجسٹریشن ممکن بنائی جا سکے۔ کچے میں نئے پولیس اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں اور پولیس کو جدید بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے