سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت اب بھی اپنی شکست کے زخم چاٹ رہا ہے اور موجودہ حالات میں دوبارہ پاکستان پر حملہ کرنے کی جرأت نہیں کرے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ برس بھارت کو جس طرح شکست ہوئی، اس سے اس کا غرور خاک میں مل گیا اور پاک افواج نے ایک بڑی طاقت کے تکبر کو توڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو نہیں بھولتیں اور قوم اپنی بہادر افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک اچھے ہمسائے کے طور پر امن چاہتا ہے، تاہم بھارت اب بھی افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف پراکسی وار میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان بھارت کی پراکسی کے طور پر استعمال ہو رہا ہے اور طالبان کو بھارتی سرپرستی حاصل ہے، جو پاکستانی افواج کو مصروف رکھے ہوئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ براہِ راست اور بالواسطہ مسلسل محاذ آرائی کا سامنا ہے، تاہم اللہ کے فضل اور مسلح افواج کی بہادری کے باعث ملک کے 25 کروڑ عوام امن سے زندگی گزار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینا وقت کی ضرورت ہے۔ خواجہ آصف کے مطابق جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو کسی قسم کا سفارتی دباؤ نہیں تھا، کیونکہ اس وقت سب سے مقدم ملک اور سرزمین کا دفاع تھا۔