ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

نئی دہلی میں رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 9 افراد ہلاک، متعدد زخمی

نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک رہائشی عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ واقعہ شہر کے علاقے وویک وہار میں پیش آیا، جہاں اچانک بھڑکنے والی آگ نے چند ہی لمحوں میں عمارت کے کئی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ عمارت کی دوسری منزل پر لگی اور تیزی سے پھیلتے ہوئے تیسری اور چوتھی منزل تک جا پہنچی، جس کے باعث رہائشیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، آگ لگنے کی وجہ مبینہ طور پر ایئر کنڈیشنر پھٹنا بتائی جا رہی ہے، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری موقع پر پہنچ گیا۔ آگ بجھانے کے عمل میں 14 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ اس دوران درجنوں افراد کو عمارت سے بحفاظت نکال لیا گیا۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، ہلاک ہونے والے 9 افراد کی شناخت کر لی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے،گرمی کے موسم میں برقی آلات کے زیادہ استعمال کے باعث ایسے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے جبکہ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں