ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

امریکا میں مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران ٹرک سے ٹکرا گیا، خوفناک ویڈیو وائرل

امریکی ریاست نیو جرسی میں واقع نیوآرک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک بڑا فضائی حادثہ ہوتے ہوتے بچ گیا، جہاں لینڈنگ کے دوران یونائیٹڈ ایئرلائنز کا مسافر طیارہ سڑک کے قریب موجود ٹرک اور لائٹ پول سے ٹکرا گیا۔ واقعے کی خوفناک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز یو اے 169 اٹلی کے شہر وینس سے نیوآرک ایئرپورٹ پہنچی تھی۔ بوئنگ 767 طیارے میں 200 سے زائد مسافر اور عملے کے 10 ارکان سوار تھے۔ لینڈنگ کے دوران طیارہ نیو جرسی ٹرن پائیک کے اوپر انتہائی کم بلندی پر پرواز کر رہا تھا کہ اچانک اس کے لینڈنگ گیئر قریب موجود ایک ٹرک اور لائٹ پول سے ٹکرا گئے۔

نیوجرسی اسٹیٹ پولیس کے مطابق حادثے میں ٹرک ڈرائیور وارن بورڈلے زخمی ہوگیا۔ شیشے لگنے سے اس کے بازو پر معمولی زخم آئے، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثے کے بعد لائٹ پول ایک جیپ گاڑی پر بھی گرا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ ہائی وے کے انتہائی قریب سے گزرتا ہے اور اچانک اس کے ٹائر ٹرک سے ٹکرا جاتے ہیں، جس کے باعث شیشے ٹوٹ کر سڑک پر بکھر جاتے ہیں۔ واقعے کے وقت ہائی وے پر موجود کئی ڈرائیور خوفزدہ ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارہ سڑک کے اتنا قریب تھا کہ چند لمحوں کیلئے ہر شخص کی سانس رک گئی۔ ایک شہری نے بتایا کہ اگر طیارہ چند فٹ مزید نیچے آ جاتا تو بہت بڑا سانحہ پیش آ سکتا تھا۔

یونائیٹڈ ایئرلائنز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ طیارہ محفوظ طریقے سے لینڈ کر گیا تھا اور تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے، واقعے کی مکمل سیفٹی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ پرواز کے عملے کو عارضی طور پر سروس سے ہٹا دیا گیا ہے۔

امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، کاک پٹ وائس ریکارڈر، فلائٹ ڈیٹا، موسم، ایئر ٹریفک کنٹرول اور دیگر تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

نیوآرک ایئرپورٹ کے قریب پیش آنے والے اس خوفناک واقعے نے امریکا میں فضائی سلامتی سے متعلق نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں جبکہ حکام مکمل تحقیقات میں مصروف ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں