English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیل اور لبنان کے درمیان امن مذاکرات 14 اور 15 مئی کو متوقع

القمر

امریکا کی میزبانی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان دو روزہ امن مذاکرات 14 اور 15 مئی کو منعقد ہوں گے جن کا مقصد خطے میں دیرپا امن اور استحکام قائم کرنا بتایا گیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ان مذاکرات میں ایک جامع امن معاہدے پر بات چیت کی جائے گی جس میں لبنان کی خودمختاری، سرحدی تعین اور سکیورٹی امور شامل ہوں گے، یہ مذاکرات خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور مستقل امن کی طرف پیش رفت کے لیے اہم قدم ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ مذاکرات کا ایک اہم مقصد لبنان میں ریاستی رٹ کی بحالی اور سکیورٹی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے غیر ریاستی مسلح گروہوں کے کردار پر بھی غور کیا جائے گا۔

بیان میں یہ مؤقف بھی سامنے آیا ہے کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا امن کے لیے ضروری ہے، جبکہ لبنان میں ریاستی اداروں کی مکمل عملداری کو امن معاہدے کی بنیادی شرط قرار دیا گیا ہے۔

مذاکرات کے دوران لبنان کی تعمیر نو، انسانی امداد کے راستوں کی فراہمی اور جنگ سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے منصوبوں پر بھی غور کیا جائے گا،امریکا ان مذاکرات میں دونوں ممالک کے مفادات کے درمیان توازن قائم کرنے کے لیے کردار ادا کرے گا۔

ذرائع کے مطابق اسرائیل اور لبنان نے قومی مفاد کی بنیاد پر مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، جسے کئی دہائیوں پر محیط تنازع کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے