English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری

القمر

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج شام سے 12 مئی تک گردوغبار، تیز آندھی اور بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، گجرانوالہ، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں بھی بارش اور گرد آلود ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آسمانی بجلی اور گرج چمک کے دوران کھلے میدانوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جائیں, شہری خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کسانوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی فصلوں اور زرعی سرگرمیوں کے حوالے سے پیشگی اقدامات کریں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے، بارش اور تیز ہواؤں کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی اور ٹریفک نظام متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

عمر جاوید نے سیاحوں کو شمالی علاقہ جات کے سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کے خطرات کے باعث محتاط رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشیں گرمی کی شدت میں کمی کا باعث بنیں گی، تیز آندھی اور گردوغبار کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے