واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہے کہ ایران میں موجود تمام اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے امریکا کو صرف 2 ہفتے درکار ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایران فوجی لحاظ سے شکست کھا چکا ہے تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ صورت حال مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔یہ بات انہوں نے انڈیپنڈنٹ جرنلسٹ شریل اٹکنسن کو دیے گئے انٹرویو میں کہی۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں میں نمایاں پیش رفت ہو چکی ہے۔ایران میں اب تک تقریباً 70 فیصد اہداف کو نشانہ بنایا ہے جب کہ مزید اہداف اب بھی موجود ہیں، جنہیں ضرورت پڑنے پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق اگر کارروائی جاری رہی تو دو ہفتوں میں تمام اہداف کو مکمل طور پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران اپنے ذہن میں شاید صورت حال کو مختلف انداز میں دیکھتا ہو لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ فوجی لحاظ سے شکست کھا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ معاملہ مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے، بلکہ یہ صرف آخری مراحل ہوں گے۔
