لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کی جیل میں اچانک طبعیت خراب ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آنکھ کے مسائل اور شدید درد کے باعث صنم جاوید کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
رات کے وقت ڈاکٹر یاسمین راشد نے صنم جاوید کو ادویات دیں مگر ان سے بھی درد کم نہ ہوا، جس کے بعد انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اب ان کے مزید ٹیسٹ ہوں گے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے بیٹی سمیت کسی کو بھی صنم جاوید سے ملنے نہیں دیا جارہا۔
اس حوالے سے مزید اطلاعات ہیں کہ صنم جاوید کو رات گئے جناح اسپتال لایا گیا، تاہم اس حوالے سے حکام نے ان کی فیملی کو بھی نہیں بتایا۔
کسی نے صنم جاوید کواسپتال دیکھا تو خاندان کو مطلع کیا اور جب اہل خانہ وہ اسپتال پہنچے تو بچوں کو بھی صنم جاوید سے نہیں ملنے دیا گیا۔
صنم جاوید کے شوہر عتیق ریاض کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا جارہا ہے کہ صنم جاوید کو آنکھ اور معدے میں تکلیف کے باعث جناح اسپتال لایا گیا ہے، لیکن صنم جاوید کی بیماری سے متعلق تفصیلات نہیں بتائی جا رہی ہیں۔
