English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لاہور میں مختلف علاقوں سے 6 خواتین سے مبینہ زیادتی کے واقعات، مقدمات درج

القمر

لاہور کے مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر پیش آنے والے 6 الگ الگ واقعات میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے الزامات سامنے آئے ہیں، جن کے مقدمات متعلقہ تھانوں میں درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، یہ تمام واقعات 9 مئی کو رپورٹ ہوئے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم ٹاؤن کے علاقے میں ایک واقعے میں میڈیکل کی طالبہ نے اپنے سابق منگیتر پر مبینہ زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔ متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

نولکھا کے علاقے میں درج ایک اور مقدمے میں الزام ہے کہ ایک شخص نے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس کیس میں بھی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

ساندہ کے علاقے میں ایک گھریلو ملازمہ نے الزام لگایا ہے کہ اسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد ملزم نے اس سے 5 لاکھ روپے نقدی اور سونے کی چین بھی چھین لی۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پائی جا رہی ہے۔

ہیئر کے علاقے میں ایک مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا گیا، جہاں مبینہ طور پر 5 افراد نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق اس سنگین نوعیت کے کیس کی مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے۔

ہربنس پورہ میں بھی ایک خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے شادی کے وعدے کے ذریعے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔

نشتر کالونی کے علاقے میں ایک الگ واقعے میں 16 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس کے بعد ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام کیسز کی تفتیش انتہائی حساس انداز میں کی جا رہی ہے اور متاثرہ افراد کو انصاف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں سرگرم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے