نئی دہلی:بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حیدرآباد دکن میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہریوں سے ایک سال تک سونا نہ خریدنے اور ایندھن کے استعمال میں نمایاں کمی لانے کی اپیل کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، عالمی توانائی بحران اور سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باعث بھارت کی معیشت دباؤ کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا اور عالمی تنازعات نے تیل، کھاد اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، جس کے اثرات بھارتی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔
مودی نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ایک سال تک سونے کی خریداری سے گریز کریں تاکہ سونے کی درآمدات میں کمی آئے اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہو سکے۔ انہوں نے کھانے کے تیل کے کم استعمال اور زرعی شعبے میں درآمدی کیمیائی کھادوں پر انحصار کم کرنے کا بھی مشورہ دیا۔
وزیراعظم کے مطابق حکومت مختلف ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ توانائی بحران پر قابو پایا جا سکے، طویل المدتی حل کے لیے عوامی سطح پر کفایت شعاری ناگزیر ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی مشکلات کا حل صرف عوام سے قربانی مانگنا نہیں بلکہ مؤثر حکومتی اقدامات ہیں۔