اسلام آباد: اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان کے صدر مفتی یوسف خان نے متحدہ مدارس کونسل پاکستان کے زیر اہتمام ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے مذہبی تعلیم (DGRE) کے اہم اجلاس میں شرکت کی، جو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ملک بھر کے دینی مدارس کو درپیش انتظامی، قانونی اور تعلیمی مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن، چیریٹی کمیشن سے متعلق امور، بینک اکاؤنٹس کے اجرا اور اسناد کی ایکولینسی جیسے اہم معاملات زیر بحث آئے۔ بالخصوص بینک اکاؤنٹس کے حصول میں حائل رکاوٹوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور ان مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ اداروں سے مؤثر رابطوں پر اتفاق کیا گیا۔
اسناد کی ایکولینسی کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ DGRE کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (IBCC) کی جانب سے جلد نوٹیفکیشن جاری ہونے کی توقع ہے، جس سے مدارس کے طلبہ کو میٹرک اور ایف اے کے مساوی اسناد کے حصول میں نمایاں سہولت میسر آئے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مفتی یوسف خان نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کے لیے ایکولینسی اور تعلیمی اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں تاکہ انہیں قومی دھارے میں بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد المدارس الاسلامیہ گزشتہ تین سال سے طلبہ کو درپیش تعلیمی مسائل، خصوصاً اسناد کی ایکولینسی کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہا ہے، جس کے مثبت نتائج اب سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اتحاد المدارس الاسلامیہ مدارس کے طلبہ کے حقوق کے تحفظ اور ان کے تعلیمی و پیشہ ورانہ مستقبل کو روشن بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا، اور امید ظاہر کی کہ حالیہ اقدامات کے نتیجے میں طلبہ کے لیے سرکاری اداروں تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔
