تہران: ایران اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطوں میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں 72 دن کے طویل وقفے کے بعد تہران سے ایک مسافر طیارے نے کراچی کے لیے باقاعدہ آمد و روانگی کی پرواز مکمل کی ہے۔ اس پیشرفت کو دونوں ممالک کے درمیان فضائی سفری بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی فضائی کمپنی تابان ائیر نے ایک خصوصی دو طرفہ پرواز آپریٹ کی، جس کے تحت مسافروں کو تہران سے کراچی لایا گیا اور پھر اسی طیارے کے ذریعے واپس تہران روانہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پرواز نمبر ٹی بی این 7211 نے تہران سے روانگی اختیار کی اور مسافروں کو لے کر کامیابی کے ساتھ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ مسافروں کی آمد کے بعد اسی طیارے نے واپسی کے لیے پرواز ٹی بی این 7212 کے تحت دوبارہ تہران کا رخ کیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس پرواز کے لیے جدید ایئربس اے 320 استعمال کیا گیا، جو بین الاقوامی سطح پر مسافروں کی آمد و رفت کے لیے وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والا طیارہ ہے،یہ پرواز ایسے وقت میں بحال کی گئی ہے جب خطے میں سیکیورٹی صورتحال اور سیاسی کشیدگی کے باعث کئی ہفتوں سے فضائی آپریشن متاثر تھے۔ اس وجہ سے ایران اور پاکستان کے درمیان براہ راست مسافر پروازیں بھی محدود ہوگئی تھیں۔
مسافروں نے بھی اس پرواز کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ براہ راست پروازوں سے وقت اور لاگت دونوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
ایوی ایشن ماہرین کے مطابق اگر یہ سلسلہ جاری رہتا ہے تو مستقبل میں ایران اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے مزید مستحکم ہو سکتے ہیں اور دیگر شہروں کے لیے بھی نئی پروازوں کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
