بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے سابق سربراہ A. S. Dulat نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہو رہی ہیں اور اب بھارت خود عالمی تنہائی کا شکار ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں اے ایس دلت نے کہا کہ پاکستان کو تنہائی میں دھکیلنے کی کہانیاں اب پرانی ہو چکی ہیں اور زمینی حقائق اس کے برعکس نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان کبھی نہیں ٹوٹے گا اور نہ ہی بکھرے گا، بلکہ اس وقت پاکستان عالمی سطح پر اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے، حتیٰ کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں بھی شامل ہے، جبکہ یہ کردار بھارت کو ادا کرنا چاہیے تھا۔
سابق را چیف نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے اور پاکستان و بھارت کے درمیان بات چیت کا سلسلہ کبھی منقطع نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطہ اور مذاکرات ہی خطے کے امن اور استحکام کے لیے ضروری ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل RSS کے سیکرٹری جنرل دتاتریہ ہوسابالے بھی یہ بیان دے چکے ہیں کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہییں۔
اسی طرح بھارتی فوج کے سابق سربراہ Manoj Naravane نے بھی حالیہ بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام کے مسائل ایک جیسے ہیں اور عام لوگوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔