English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پالتوجانور سے کسی انسان کو نقصان پہنچا تو مالک ذمہ دارہوگا: ترمیمی بل منظور

القمر

 اسلام آباد: سینیٹ نے ایک اہم ترمیمی بل منظور کر لیا ہے جس کے تحت پالتو جانوروں کی دیکھ بھال میں غفلت برتنے کی صورت میں اگر کسی شہری کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کی مکمل ذمہ داری جانور کے مالک پر عائد ہوگی۔

سینیٹ سے منظور شدہ بل کے ذریعے جانوروں کی دیکھ بھال میں لاپرواہی سے کسی شہری کو نقصان پہنچنا ناقابلِ ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے۔پالتو جانوروں سے عام شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کے ذمہ دار اب جانوروں کے مالک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پالتو کتوں اور دیگر جانوروں کی دیکھ بھال میں غفلت برتنے والے مالکان کے خلاف سخت قانونی شکنجہ تیارکر لیا گیا،جس کے تحت دو سال تک قید اور دو لاکھ جرمانے کی سزائیں بھی ہوں گی۔

سینیٹر فوزیہ ارشد نے فوجداری قوانین ترمیمی بل دوہزار تئیس سینیٹ میں پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظورکرلیا گیا ۔ اس بل کے تحت تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ دو سو نواسی میں اہم ترمیم کی گئی ہے۔

ترمیم کے مطابق جانور کے ذریعے انسانی جان کو خطرے میں ڈالنے پر ایک سے دو سال تک قید کی سزا دی جا سکے گی، جبکہ قصداً غفلت برتنے پر دو لاکھ روپے اور لاپرواہی پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ بھی عائد ہوگا۔ اس بل سے جانوروں کے مالکان کو اپنے پالتو جانوروں کی مناسب نگرانی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا پابند بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کو لاحق خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔

سینیٹر فوزیہ ارشد کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پالتو جانوروں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث یہ قانون سازی ناگزیر ہو چکی تھی۔

  • ویب ڈیسک
  • عادل سلطان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے