ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سائبیریا: دنیا کی گہری ترین جھیل میں ہورکرافٹ حادثہ، 5 سیاح ہلاک

روس کے سرد ترین خطے سائبیریا میں واقع دنیا کی سب سے گہری جھیل بائیکال ایک افسوسناک حادثے کا منظر بن گئی، جہاں برفانی پانیوں میں ایک ہورکرافٹ الٹنے سے 5 سیاح جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد کو انتہائی سرد موسم کے باعث طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق روسی ساختہ “سیور-750” ہورکرافٹ میں مجموعی طور پر 18 افراد سوار تھے جب یہ جمی ہوئی جھیل کے علاقے میں اچانک حادثے کا شکار ہو کر پانی میں ڈوب گئی، کشتی میں مقررہ گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے، جس کے باعث توازن برقرار نہ رہ سکا اور حادثہ پیش آیا۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 4 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں، جبکہ دیگر 13 مسافروں کو امدادی کارروائی کے ذریعے بچا لیا گیا۔ ریسکیو کیے جانے والے بعض افراد شدید سردی کے باعث ہائپوتھرمیا کا شکار ہوئے جبکہ ایک زخمی شخص کو ٹانگ میں چوٹ آنے پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور تقریباً 30 امدادی اہلکاروں، 11 ریسکیو یونٹس اور غوطہ خور ٹیم کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا تاکہ لاپتہ افراد اور متاثرین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معائنے میں ہورکرافٹ تکنیکی طور پر درست حالت میں پایا گیا، تاہم زیادہ مسافروں کی موجودگی اس سانحے کی بنیادی وجہ بن سکتی ہے۔

جھیل بائیکال کو دنیا کی سب سے گہری میٹھے پانی کی جھیل قرار دیا جاتا ہے، جس کی گہرائی تقریباً 5387 فٹ ہے۔ یہ تاریخی جھیل دنیا کے غیر منجمد میٹھے پانی کے تقریباً 20 فیصد ذخیرے کی حامل ہے اور یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

سردیوں کے موسم میں جنوری سے اپریل تک جھیل مکمل یا جزوی طور پر جم جاتی ہے، جبکہ اس کی شفاف اور مضبوط برف دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کیلئے خصوصی کشش رکھتی ہے۔ فروری اور مارچ کے مہینوں میں برف اس قدر مضبوط ہو جاتی ہے کہ اس پر بھاری گاڑیاں بھی چلائی جاتی ہیں، تاہم ماہرین اکثر سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے رہتے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں