English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنکی کیس: تحقیقات کا دائرہ وسیع، ساؤتھ زون کے 20 اہلکار زون بدر

القمر

کراچی میں منشیات سے متعلق گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے گرد گھیرا مزید تنگ ہونے لگا ہے، جبکہ کیس کی تحقیقات نے پولیس کے بعض اہلکاروں تک بھی رسائی حاصل کر لی ہے۔ تحقیقات کے دائرہ کار میں توسیع کے بعد محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر انتظامی اقدامات سامنے آئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ نے ضلع جنوبی میں تعینات 20 اہلکاروں کو فوری طور پر زون بدر کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ان اہلکاروں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ طویل عرصے سے چند مخصوص تھانوں میں تعینات تھے اور ان کے خلاف غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات سامنے آ رہی تھیں۔

حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بعض اہلکار اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے بار بار اپنی تعیناتی ضلع جنوبی کے مخصوص تھانوں میں کروانے میں کامیاب ہوتے رہے، جس پر اعلیٰ حکام نے سخت نوٹس لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انمول عرف پنکی کیس کی تحقیقات اب مختلف پہلوؤں سے آگے بڑھائی جا رہی ہیں تاکہ ممکنہ روابط اور سہولت کاری کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔ اسی سلسلے میں اس سے قبل محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے 2 اہلکاروں کو بھی حراست میں لیا جا چکا ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے اہلکاروں میں اے ایس آئی کفیل اور سپاہی علی شامل ہیں، جن کے بارے میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ پنکی کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔ تفتیشی حکام ان روابط کی نوعیت اور ممکنہ معاونت کے پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک مزید اہم پیش رفت بھی سامنے آ سکتی ہے، جبکہ محکمہ پولیس کے اندر موجود مشتبہ عناصر کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے