English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران بحران کا حل صرف سفارتکاری سے ممکن ہے، روس

القمر

روس نے کہا ہے کہ ایران سے متعلق موجودہ بحران کا حل صرف سفارتی مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے اور کسی بھی ممکنہ معاہدے میں ایران کے مفادات اور خودمختاری کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے طاقت یا دباؤ کی پالیسی کے بجائے سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے، روس مسلسل اس بات پر زور دے رہا ہے کہ تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

ماریا زاخارووا نے کہا کہ اگر ایران اور امریکا باہمی مذاکرات کے ذریعے کسی معاہدے یا مشترکہ فیصلے تک پہنچتے ہیں تو روس اس پر عمل درآمد میں دونوں ممالک کی مدد کے لیے تیار ہے، ماسکو خطے میں استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے ہر ممکن تعمیری کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

روسی ترجمان نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے یورینیم ذخائر اور ان کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق صرف ایران کو حاصل ہے، اس معاملے میں کسی قسم کا بیرونی دباؤ یا یکطرفہ شرائط قابل قبول نہیں ہونی چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرسکتے ہوں، مشرق وسطیٰ پہلے ہی متعدد تنازعات اور جنگی صورتحال کا شکار ہے، اس لیے ایران سے متعلق معاملات کو انتہائی احتیاط اور سیاسی بصیرت کے ساتھ حل کیا جانا ضروری ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جوہری پروگرام، پابندیوں اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے حوالے سے کشیدگی ایک بار پھر بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے