اسلام آباد:صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان 75 سال قبل شروع ہونے والا سفارتی سفر اب ایک مضبوط و اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں تبدیل ہو چکا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، تعاون اور مشترکہ مفادات کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کا دفاع کیا ہے اور دونوں ممالک کی دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں مزید فروغ ملا ہے، پاکستان چین کی ون چائنا پالیسی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور یہ مؤقف ہمیشہ برقرار رہے گا۔
اپنے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ ترقی کا حصول پاکستان اور چین کا مشترکہ خواب ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو عوامی، سیاسی اور ادارہ جاتی سطح پر بھرپور حمایت حاصل ہے، یہ شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی تعمیر چین کا پاکستان کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے جو مستقبل میں خطے کی معاشی ترقی اور رابطوں میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین عالمی سطح پر ترقی، سیکیورٹی اور گورننس کے میدان میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے جو قابلِ تحسین ہے، انہوں نے رواں سال چین کے دو دورے کیے جن کے دوران صوبائی قیادت اور کاروباری حلقوں سے مفید ملاقاتیں ہوئیں۔
اختتام پر آصف زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔