نئی دہلی: بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر آن لائن نوجوان تحریک ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرانے کے الزامات سامنے آگئے ہیں۔
چند ہی دنوں میں کروڑوں فالوورز حاصل کرنے والی اس آن لائن تحریک کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے بعد مودی حکومت شدید دباؤ اور بوکھلاہٹ کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔
کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے نے دعویٰ کیا ہے کہ تنظیم اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی کھو چکی ہے، جبکہ ان کا ذاتی انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہیک کر لیا گیا ہے، انہوں نے بھارتی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے لیے آن لائن مہم شروع کی تھی، جس کے بعد انہیں مسلسل دھمکی آمیز پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی سرگرمیوں کو محدود کیا جا رہا ہے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی یا حکومتی اداروں کی جانب سے ان الزامات پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔