سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کی زیر صدارت سپریم حج کمیٹی کا اہم اجلاس میدان عرفات میں منعقد ہوا جس میں وقوفِ عرفہ کے انتظامات، سکیورٹی اقدامات اور حجاج کرام کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اعلیٰ سکیورٹی اور انتظامی حکام نے شرکت کی جبکہ منیٰ سے عرفات تک عازمین کی منتقلی، ٹرانسپورٹ سسٹم اور پیدل راستوں کے انتظامات پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔
حج سکیورٹی کے انچارج محمد بن عبداللہ البسطامی نے اجلاس کو بتایا کہ عازمین کی نقل و حرکت کو منظم بنانے کے تمام منصوبوں پر عمل جاری ہے اور سکیورٹی ادارے ہر مرحلے پر حجاج کرام کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ اس سال شدید گرمی کے باوجود حجاج کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا کہ حجاج اللہ کے مہمان ہیں اور ان کی خدمت سعودی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ حج انتظامات کو کامیاب بنانے میں مصروف عمل ہیں۔
دوسری جانب سعودی وزارت حج و عمرہ نے شدید گرمی کے باعث عازمین حج کو احتیاطی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقوفِ عرفہ کے دوران زیادہ سے زیادہ وقت اپنے خیموں میں گزارا جائے۔ وزارت کے مطابق میدان عرفات میں درجہ حرارت انتہائی بلند رہنے کا امکان ہے، اس لیے حجاج کو دوپہر چار بجے تک خیموں میں رہنے اور خطبہ حج آڈیو و ویڈیو کے ذریعے سننے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سعودی حکام نے عازمین کو جبلِ رحمت کی جانب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور تمام سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین بھی کی ہے تاکہ مناسک حج مکمل تحفظ اور سہولت کے ساتھ ادا کیے جا سکیں۔