English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بیلجیئم میں خوفناک حادثہ: اسکول منی بس اور تیز رفتار ٹرین میں تصادم، 4 افراد ہلاک، 5 بچے زخمی

القمر

برسلز: بیلجیئم کے شمالی علاقے میں ایک دلخراش حادثے میں بچوں سے بھری اسکول منی بس ریلوے کراسنگ عبور کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 بچے شدید زخمی ہو گئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب اسکول کی منی بس ریلوے لائن کے متوازی سڑک سے مڑ کر لیول کراسنگ میں داخل ہوئی، حالانکہ وہاں حفاظتی بیریئر پہلے ہی بند تھے اور سگنل سرخ تھا،منی بس ایک اسکول کے بچوں کو لے کر جا رہی تھی۔

ذرائع کے مطابق 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی ٹرین نے منی بس کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں گاڑی کے پرخچے اڑ گئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ موقع پر ہی خوفناک مناظر دیکھنے میں آئے۔

حادثے میں 12 اور 15 سال کے دو بچے، 49 سالہ ڈرائیور اور 27 سالہ اسسٹنٹ موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ دیگر 5 بچے شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا،زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق خوش قسمتی سے ٹرین میں سوار کسی مسافر کو جسمانی نقصان نہیں پہنچا، تاہم ایک مسافر شدید ذہنی صدمے کے باعث طبی امداد کا محتاج ہوا۔

بیلجیئم کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریلوے کراسنگ کے بیریئر حادثے کے وقت بند تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی یہی ثابت ہوتا ہے کہ سگنل سرخ تھا اور حفاظتی نظام فعال تھا۔

تحقیقات کاروں نے واقعے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے ڈرائیور کا الکوحل ٹیسٹ بھی کیا ہے جو منفی آیا جبکہ منی بس ڈرائیور کے پوسٹ مارٹم سمیت مکمل تحقیقات جاری ہیں، یہ ایک انتہائی افسوسناک حادثہ ہے اور اس کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے