ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اسرائیلی بمباری سے جنوبی لبنان ایک بار پھر لہولہان: بچوں و خواتین سمیت درجنوں شہید

جنوبی لبنان ایک بار پھر شدید اسرائیلی فضائی حملوں کی زد میں آگیا جہاں مختلف علاقوں پر ہونے والی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

لبنانی حکام کے مطابق شہید ہونے والوں میں خواتین اور کم عمر بچے بھی شامل ہیں، جس کے بعد خطے میں صورتحال مزید کشیدہ اور خوفناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جنوبی شہروں اور دیہات کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں رہائشی علاقوں میں شدید تباہی پھیلی۔

شہید افراد میں 4 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صور کے قریب برج الشمالی، معرکہ، صلا، حباش اور دیگر علاقوں میں شدید بمباری کی گئی جس سے متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہر نبطیہ میں دھماکوں کے بعد آسمان پر دھویں کے گھنے بادل چھا گئے جبکہ شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق کئی خاندان راتوں رات اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک حملہ عوامی اسپتال کے قریب بھی کیا گیا جس سے اسپتال کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا اور طبی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی اور مشرقی لبنان کے 50 سے زائد قصبوں اور دیہات کے لیے انخلا کے انتباہات جاری کیے ہیں۔

فوجی ذرائع کے مطابق اسرائیلی دستے سرحدی حدود سے کئی کلومیٹر اندر تک کارروائیاں کر رہے ہیں۔

دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی پیش قدمی روک دی اور متعدد جوابی حملے بھی کیے ہیں۔ تنظیم کے مطابق اسرائیلی اہداف پر راکٹ اور ڈرون حملے کیے گئے۔

دریں اثنا مشرقی لبنان کے علاقے وادی بیکا میں بھی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جہاں مشغارہ کے مقام پر ہونے والی بمباری میں متعدد شہری جاں بحق ہوئے۔

امدادی ادارے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

مبصرین کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پورے مشرق وسطیٰ کو ایک نئے بڑے بحران کی طرف دھکیل سکتی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں