English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 پیرس میں پی ایس جی کی فتح کے بعد جشن ہنگاموں میں بدل گیا، چار سو سے زائد افراد گرفتار

القمر

پیرس: یورپین فٹبال کی سب سے بڑی ٹرافی چیمپئنز لیگ میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کی تاریخی فتح کے بعد فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جشن کی فضا بعض مقامات پر شدید ہنگامہ آرائی اور کشیدگی میں تبدیل ہو گئی۔

میچ کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں مداح سڑکوں پر نکل آئے اور خوشی کے اظہار کا سلسلہ شروع ہوا، رات بڑھنے کے ساتھ ہی بعض مقامات پر حالات بگڑ گئے اور پرتشدد واقعات پیش آنے لگے۔

فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق ہنگامہ آرائی اور بدامنی کے دوران چار سو سولہ سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں بائیس ہزار جبکہ صرف پیرس میں آٹھ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق جھڑپوں کے دوران کم از کم ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ چھ گاڑیوں اور دو تجارتی مراکز کو نقصان پہنچا۔ بعض مقامات پر مشتعل افراد نے گاڑیوں کو آگ لگائی اور املاک کو نقصان پہنچایا۔

صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوئی جب بعض شائقین نے پیرس کی مشہور رنگ روڈ پر بھی داخل ہو کر ٹریفک متاثر کیا اور مختلف مقامات پر فلیئرز جلائے گئے۔ اس دوران متعدد میٹرو اسٹیشنز اور ٹرام سروسز کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا جبکہ بعض علاقوں میں بس سروس بھی معطل رہی۔

انتظامیہ کے مطابق رات بھر سیکیورٹی فورسز اور مشتعل افراد کے درمیان کشیدگی جاری رہی اور مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، شہر میں امن و امان کی بحالی کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے