English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بجٹ 27-2026: پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکسوں میں بڑی کمی کا امکان

القمر

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد ٹیکسوں میں بڑی کمی کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔

اس اقدام کا مقصد ملک میں رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کی گرتی ہوئی سرگرمیوں کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق حکام نے تجویز دی ہے کہ فائلرز کے لیے غیر منقولہ جائیداد کی خریداری پر ٹیکس کی موجودہ شرح 1.5 فیصد سے کم کر کے صرف 0.25 فیصد کر دی جائے۔ اس سے پراپرٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

علاوہ ازیں جائیداد کی فروخت پر لاگو ٹیکس کی شرح کو بھی 4.5 فیصد سے گھٹا کر 1.5 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ  ٹیکس کی شرح کم کرنے سے پراپرٹی کے کاروبار میں تیزی آئے گی اور معاملات شفاف ہوں گے۔

فی الحال ان مجوزہ ٹیکس تبدیلیوں پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، تاہم بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی جانب سے ٹیکسوں میں کمی کی ان تجاویز پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے اور وہ اس اقدام کی مخالفت کر رہے ہیں۔

وفاقی حکومت نے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکسوں میں کمی سے پراپرٹی مارکیٹ میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ اس سے نہ صرف مجموعی ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے نئے اور پائیدار مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

معاشی ماہرین کے مطابق رئیل اسٹیٹ کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اگر حکومت آئی ایم ایف کو اپنے اس مؤقف پر قائل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے، تو پراپرٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کا نیا رجحان پیدا ہو سکتا ہے جو ملکی معیشت کے لیے مثبت ہوگا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق بجٹ سازی کے دوران ان تجاویز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ تعمیراتی صنعت کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اس منصوبے کے عملی نفاذ کے بعد پراپرٹی کی قیمتوں اور خرید و فروخت کے عمل میں بہتری آنے کی امید کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے