English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکی حملوں کے جواب میں بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ اور ائیربیس کو نشانہ بنایا، پاسداران انقلاب

القمر

تہران: ایرانی پاسداران انقلاب نےکہا ہے کہ اس کی میزائل اور ڈرون فورس نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی مفادات پر امریکی حملوں کے جواب میں بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر، خطے میں قائم ایک امریکی فضائی اڈے اور ایک دشمن بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا جب گزشتہ رات آبنائے ہرمز کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر پر حملہ کیا گیا۔

بیان کے مطابق امریکی فوج کے حملے سے ایرانی آئل ٹینکر کے انجن روم کو نقصان پہنچا، جس کے بعد ایرانی بحریہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے امریکی-صہیونی دشمن کے جہاز ’’پانایا‘‘ کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا، امریکی فوج نے جزیرہ قشم کے جنوبی علاقے میں اس کے مواصلاتی ٹاور پر بھی فضائی حملہ کیا، جس کے بعد ایرانی ایرو اسپیس فورس حرکت میں آئی۔

بیان میں کہا گیا کہ جوابی کارروائی کے دوران خطے میں موجود امریکا کے ایک فضائی اور ہیلی کاپٹر اڈے کے علاوہ بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا، یہ کارروائیاں پہلے سے دی گئی وارننگ کے مطابق کی گئیں، ایران پہلے ہی خبردار کر چکا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا جواب مختلف اور زیادہ سخت انداز میں دیا جائے گا اور حالیہ کارروائیاں اسی پالیسی کا حصہ ہیں۔ امریکا کے لیے یہ ردعمل ایک سبق ہونا چاہیے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے