English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران نے کویت ایئر پورٹ کو نشانہ نہیں بنایا: ابراہیم ذوالفقاری

القمر

کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں ایران نے اپنے اوپر عائد کیے گئے الزامات کو سختی سے رد کر دیا ہے اور واقعے سے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے۔

ایرانی مسلح افواج کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹرز کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ ایران نے کویت کے ہوائی اڈے کو نشانہ نہیں بنایا اور اس حوالے سے گردش کرنے والے دعوے حقائق کے منافی ہیں۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ہوائی اڈے پر ہونے والے نقصانات کو ایران سے جوڑنا درست نہیں، بلکہ وہاں پیش آنے والی تباہی امریکی ساختہ فضائی دفاعی نظام ’’پیٹریاٹ‘‘ میں فنی خرابی کے باعث رونما ہوئی، دستیاب شواہد ایران کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تائید نہیں کرتے۔

ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ بعض حلقے واقعے کی ذمہ داری تہران پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ اصل حقائق اس سے مختلف ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے قبل واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔

دوسری جانب کویتی حکام کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے گئے سرکاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کویت ایئر پورٹ کو نشانہ بنانے والا حملہ ایران کی جانب سے کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے کی متعدد اہم تنصیبات متاثر ہوئیں اور بنیادی ڈھانچے کو قابلِ ذکر نقصان پہنچا۔

کویتی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حملے کے بعد ایئر پورٹ کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے متعلقہ ادارے سرگرم عمل ہیں۔ تاہم ایرانی حکام نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے تمام الزامات بے بنیاد قرار دیے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے