English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیل نے ایران پر حملے کردیے، دارالحکومت تہران سمیت اہم شہروں میں بڑے دھماکے

القمر

تہران: اسرائیل نے ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں کا جواب دیتے ہوئے تہران، اصفہان اور تبریز سمیت ملک کے متعدد شہروں میں فضائی حملے کیے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران مختلف شہروں میں فضا دھماکوں کی زور دار آوازوں سے گونج اٹھی جس سے پورے خطے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

حملوں کے بعد ایرانی شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنی جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے یہ جارحیت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عالمی برادری خاص طور پر امریکہ خطے میں جنگ کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کوشاں تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ایران نے شمالی اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بوچھاڑ کی تھی۔ ایرانی حکام کا دعویٰ تھا کہ یہ اقدام لبنان پر اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ردعمل میں کیا گیا ہے تاکہ دشمن کو اس کے اقدامات کا سبق سکھایا جا سکے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسرائیلی حکام نے امریکا کی جانب سے تحمل سے کام لینے کی اپیلوں کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو پر زور دیا تھا کہ وہ صورتحال کو قابو میں رکھیں اور کشیدگی میں اضافہ نہ کریں۔

اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ رابطے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کا حصہ نہیں بنے گا، تاہم ان تمام تر سفارتی کوششوں اور تنبیہات کے باوجود اسرائیل نے اپنے جوابی حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے اس اقدام سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اب ایک نئے اور خطرناک موڑ پر پہنچ گئی ہے۔ اس صورتحال نے عالمی منڈیوں اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں جس سے مستقبل میں مزید تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے