اننت ناگ/منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لیے اننت ناگ پولیس نے ہفتہ کے روز وگہامہ کے متعدد علاقوں میں بڑے پیمانے پر انسدادِ منشیات کورڈن اینڈ سرچ آپریشن (CASO) شروع کیا۔ حکام کے مطابق واگہامہ کو منشیات سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک حساس علاقہ تصور کیا جا رہا ہے۔پولیس کی متعدد ٹیموں نے بیک وقت وگہامہ میں 20 مختلف مقامات پر تلاشی کارروائی انجام دی۔ کارروائی کا مقصد منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت اور سپلائی میں ملوث مشتبہ افراد کا سراغ لگانا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 13 مشتبہ منشیات فروشوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا۔ ان افراد سے پوچھ گچھ کے ذریعے علاقے میں سرگرم منشیات کے نیٹ ورک اور منشیات کی ترسیل و تقسیم میں ملوث دیگر افراد کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔پولیس نے کہا کہ یہ کارروائی منشیات کی اسمگلنگ اور نشہ آور اشیا کے استعمال کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے، جس کے تحت منشیات کی سپلائی چین کو توڑنے اور مقامی سطح پر اس غیر قانونی کاروبار کو سہولت فراہم کرنے والے عناصر کی نشاندہی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اننت ناگ پولیس نے واضح کیا کہ منشیات فروشی کے خلاف ’’زیرو ٹالرنس پالیسی‘‘کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد اور نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر مزید کارروائیاں تیز کی جائیں گی۔پولیس کے مطابق تازہ کارروائی کا مقصد منشیات کو نوجوانوں اور معاشرے کے کمزور طبقات تک پہنچنے سے روکنا بھی ہے۔ اننت ناگ پولیس نے منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے اور ضلع بھر میں انسدادِ منشیات آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔پولیس نے کہا کہ ان کارروائیوں کا وسیع تر مقصد ’’منشیات سے پاک اننت ناگ‘‘کی تعمیر ہے۔